May 4, 2024

قرآن کریم > مريم >surah 19 ayat 96

اِنَّ الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ سَيَجْعَلُ لَهُمُ الرَّحْمٰنُ وُدًّا 

(ہاں ) بیشک جو لوگ ایمان لے آئے ہیں ، اور انہوں نے نیک عمل کئے ہیں ، خدائے رحمن ان کیلئے دِلوں میں محبت پیدا کر دے گا

 آیت ۹۶:  اِنَّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَعَمِلُوا الصّٰلِحٰتِ سَیَجْعَلُ لَہُمُ الرَّحْمٰنُ وُدًّا:    «یقینا جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک اعمال کیے، عنقریب ان کے لیے رحمن (لوگوں کے دلوں میں) محبت پیدا کر دے گا۔»

            یہ فرمان مکہ کے کٹھن حالات میں مؤمنین کے لیے ایک خوش خبری تھی کہ بلاشبہ ابھی اہل ایمان کے لیے بہت مشکل وقت ہے، انہیں ہر طرف سے مخالفت اور طعن و تشنیع کا سامنا ہے، لیکن بہت جلد وہ وقت آنے والا ہے جب یہی لوگ محبوبانِ خلائق ہوں گے۔ ابوبکر کی شخصیت پر لوگ عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کریں گے، اور بلال کی تعظیم و تکریم دلوں پر راج کرے گی۔ ایک حدیث میں آتا ہے کہ «جب اللہ کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو وہ جبرائیل کو بلا کر فرماتا ہے: مجھے اپنے فلاں بندے سے محبت ہے، لہٰذا تم بھی اسے محبوب رکھو۔ چنانچہ جبرائیل اسے محبوب رکھتے ہیں، پھر وہ آسمان میں اعلان کر دیتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ فلاں شخص کو محبوب رکھتا ہے، پس تم سب بھی اس کو محبوب رکھو۔ چنانچہ آسمان والے اس سے محبت کرنے لگ جاتے ہیں»۔ آپ نے فرمایا: «پھر اس کی مقبولیت زمین میں رکھ دی جاتی ہے۔»  یعنی اہل زمین کے دلوں میں اس کی محبت ڈال دی جاتی ہے اور اس طرح اللہ کا محبوب بندہ خلق ِخدا کا بھی محبوب بن جاتا ہے۔ 

UP
X
<>