May 7, 2024

قرآن کریم > النّور >surah 24 ayat 40

أَوْ كَظُلُمَاتٍ فِي بَحْرٍ لُّجِّيٍّ يَغْشَاهُ مَوْجٌ مِّن فَوْقِهِ مَوْجٌ مِّن فَوْقِهِ سَحَابٌ ظُلُمَاتٌ بَعْضُهَا فَوْقَ بَعْضٍ إِذَا أَخْرَجَ يَدَهُ لَمْ يَكَدْ يَرَاهَا وَمَن لَّمْ يَجْعَلِ اللَّهُ لَهُ نُورًا فَمَا لَهُ مِن نُّورٍ 

یا پھر اُن (اعمال) کی مثال ایسی ہے جیسے کسی گہرے سمندر میں پھیلے ہوئے اندھیرے، کہ سمندر کو ایک موج نے ڈھانپ رکھا ہو، جس کے اُوپر ایک اور موج ہو، اور اُس کے اُوپر بادل، غرض اُوپر تلے اندھیرے ہی اندھیرے ! اگر کوئی اپنا ہاتھ باہر نکالے تو اُسے بھی نہ دیکھ پائے۔ اور جس شخص کو اﷲ ہی نور عطا نہ کرے، اُس کے نصیب میں کوئی نور نہیں

 آیت ۴۰: اَوْ کَظُلُمٰتٍ فِیْ بَحْرٍ لُّجِّیٍّ یَّغْشٰہُ مَوْجٌ مِّنْ فَوْقِہِ مَوْجٌ مِّنْ فَوْقِہِ سَحَابٌ: «یا بہت گہرے سمندر میں اندھیروں کی مانند، اسے ڈھانپ لیتی ہو ایک موج، اس کے اوپر ہو ایک اور موج، ا س کے اوپر ہوں بادل»

            یعنی اندھیری رات ہے، سمندر کی گہرائی میں موج در موج کی کیفیت ہے اور اوپر فضا میں گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں۔ گویا روشنی کی کسی ایک کرن کا بھی کہیں کوئی وجود نہیں۔

            ظُلُمٰتٌ بَعْضُہَا فَوْقَ بَعْضٍ اِذَآ اَخْرَجَ یَدَہُ لَمْ یَکَدْ یَرٰـہَا: «اندھیرے ہی اندھیرے ہیں ایک دوسرے کے اوپر، جب وہ اپنا ہاتھ نکالتا ہے تو اسے بھی نہیں دیکھ سکتا۔»

            مطلق تاریکی (absolute darkness) کی اس کیفیت کو اردو محاورے میں یوں بیان کیا جاتا ہے کہ ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہیں دیتا۔ ایک فرینچ ایڈمرل اس آیت کو پڑھ کر مسلمان ہو گیا تھا۔ اس کی ساری عمر سمندروں میں گزری تھی اور پانی کے نیچے absolute darkness کی کیفیت اس نے اپنی آنکھوں سے دیکھی تھی۔ یہ آیت پڑھ کر اسے بجا طور پر یہ تجسس ہوا کہ کیا محمد نے بحری سفر بھی کیے تھے؟ اور جب اسے معلوم ہوا کہ آپ نے کبھی بھی کوئی بحری سفر نہیں کیا تو اس نے اعتراف کر لیا کہ یہ اُن کا کلام نہیں اللہ کا کلام ہے، کیونکہ ایسی تشبیہہ تو صرف وہی شخص دے سکتا ہے جو سمندر میں غوطہ خوری کرتا رہا ہو اور سمندر کی گہرائی میں اندھیروں کی کیفیت کو اپنی آنکھوں سے دیکھ چکا ہو۔

            : وَمَنْ لَّمْ یَجْعَلِ اللّٰہُ لَہُ نُوْرًا فَمَا لَہُ مِنْ نُّوْرٍ: «اور جس کو اللہ نے ہی کوئی نور عطا نہ کیا ہو تو اس کے لیے کہیں کوئی نور نہیں ہے۔»

            یعنی وہ لوگ جن کی زندگیاں ملمع کی نیکیوں سے بھی خالی ہیں ان کے لیے اندھیرے ہی اندھیرے ہیں۔ 

UP
X
<>