May 5, 2024

قرآن کریم > الفرقان >sorah 25 ayat 72

وَالَّذِينَ لا يَشْهَدُونَ الزُّورَ وَإِذَا مَرُّوا بِاللَّغْوِ مَرُّوا كِرَامًا

اور (رحمن کے بندے وہ ہیں ) جو ناحق کاموں میں شامل نہیں ہوتے، اور جب کسی لغو چیز کے پاس سے گذرتے ہیں تو وقار کے ساتھ گذر جاتے ہیں

آیت ۷۲   وَالَّذِیْنَ لَا یَشْہَدُوْنَ الزُّوْرَ: ’’اور وہ لوگ جو جھوٹ پر موجود نہیں رہتے‘‘

      یہ صرف جھوٹ کی گواہی سے بچنے کی بات نہیں بلکہ اس سے ایسی بلند تر کیفیت کا ذکر ہے جس کے اندر جھوٹی گواہی سے بچنے کا مفہوم ضمنی طور پر خود بخود آ جاتا ہے۔ یعنی اللہ کے یہ نیک بندے حق و صداقت کی غیر ت و حمیت میں اس قدر پختہ ہوتے ہیں کہ کسی ایسی جگہ پر وہ اپنی موجودگی بھی گوارا نہیں کرتے جہاں جھوٹ بولا جا رہا ہو یا جھوٹ پر مبنی کوئی دھندا ہو رہا ہو۔

      وَاِذَا مَرُّوْا بِاللَّغْوِ مَرُّوْا کِرَامًا: ’’اور جب وہ کسی لغو کام پر سے گزرتے ہیں تو با وقار انداز سے گزر جاتے ہیں۔‘‘

      اگر اِن لوگوں کا کہیں اتفاق سے کسی کھیل تماشے اور لغو کام پر سے گزر ہو تو وہ اس سے اپنا دامن بچا کر بے نیازی سے گزر جاتے ہیں۔ یہی مضمون سورۃ المؤمنون میں اس طرح آیا ہے: (وَالَّذِیْنَ ہُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُوْنَ) کہ مؤمنین ہر قسم کی لغویات سے اعراض کرتے ہیں۔

UP
X
<>