May 7, 2024

قرآن کریم > القصص >sorah 28 ayat 55

وَإِذَا سَمِعُوا اللَّغْوَ أَعْرَضُوا عَنْهُ وَقَالُوا لَنَا أَعْمَالُنَا وَلَكُمْ أَعْمَالُكُمْ سَلامٌ عَلَيْكُمْ لا نَبْتَغِي الْجَاهِلِينَ

اور جب وہ کوئی بے ہودہ بات سنتے ہیں تو اُسے ٹال جاتے ہیں ، اور کہتے ہیں کہ : ’’ ہمارے لئے ہمارے اعمال ہیں ، اور تمہارے لئے تمہارے اعمال۔ ہم تمہیں سلام کرتے ہیں ۔ ہم نادان لوگوں سے اُلجھنا نہیں چاہتے۔‘‘

آیت ۵۵   وَاِذَا سَمِعُوا اللَّغْوَ اَعْرَضُوْا عَنْہُ وَقَالُوْا لَنَآ اَعْمَالُنَا وَلَکُمْ اَعْمَالُکُمْ: ’’اور جب انہوں نے لغو باتیں سنیں تو انہوں نے ان سے اعراض کیا اور کہا کہ ہمارے لیے ہمارے اعمال ہیں اور تمہارے لیے تمہارے اعمال۔ ‘‘

      سَلٰمٌ عَلَیْکُمْ لَا نَبْتَغِی الْجٰہِلِیْنَ: ’’تم لوگوں پر سلام! ہم جاہلوں سے اُلجھنا نہیں چاہتے۔ ‘‘ 

      یہاں اس مکالمے کی طرف اشارہ ہے جو حبشہ کے وفد کے ارکان کا مشرکین مکہ کے ساتھ ہوا تھا۔ یہ وفد حضور سے ملاقات کے لیے مکہ آیا تھا۔ واقعہ دراصل یوں تھا کہ مکہ سے حبشہ کی طرف پہلی ہجرت کرنے والے صحابہ کی تبلیغ سے حبشہ میں کچھ عیسائیوں نے اسلام قبول کر لیا۔ جیسے بعد میں دوسری ہجرت کے مہاجرین صحابہ کی تبلیغ سے شاہ حبشہ نجاشی بھی ایمان لے آئے تھے، جو اپنی زندگی میں حضور کی زیارت کر کے صحابیت کا درجہ تو نہ پا سکے، البتہ صحابہ سے ملاقات کی بنا پر وہ تابعی ضرور ہیں۔ حضرت نجاشی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ حضور نے ان کی غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی اور یہ واحد غائبانہ نماز جنازہ ہے جو حضور سے پڑھانا ثابت ہے۔

       حبشہ میں جن لوگوں نے صحابہ کی کوششوں سے ایمان قبول کیا تھا بعد میں ان میں سے کچھ لوگ حضور سے ملاقات کے ارمان میں ایک وفد کی صورت میں مکہ آئے اور حضور کی زیارت کی سعادت حاصل کی۔ جب مشرکین مکہ کو ان لوگوں کی آمد کا علم ہوا تو انہوں نے ان لوگوں سے بہت بے ہودہ باتیں کیں، انہیں طعنے دیے اور ان کا خوب تمسخر اڑایا کہ تم لوگ بہت احمق ہو جو اپنی الہامی کتاب کو چھوڑ کر اس نئے دین میں شامل ہوگئے ہو۔ آیت زیر مطالعہ میں اس وفد کے لوگوں کا جواب نقل ہوا ہے جو انہوں نے مشرکین مکہ کو دیا تھا کہ ہمارا آپ لوگوں سے کچھ سروکار نہیں، ہم اپنے اعمال کے ذمہ دار ہیں اور تم لوگ اپنے اعمال کے۔ ہم اللہ کے فضل سے پہلے بھی حق پر تھے اور اب ہمیں اس حق پر بھی ایمان لانے کی سعادت ملی ہے جو قرآن کی صورت میں ہمارے رب کی طرف سے آیا ہے۔ 

UP
X
<>