May 18, 2024

قرآن کریم > الأعراف >surah 7 ayat 155

وَاخْتَارَ مُوسَى قَوْمَهُ سَبْعِينَ رَجُلاً لِّمِيقَاتِنَا فَلَمَّا أَخَذَتْهُمُ الرَّجْفَةُ قَالَ رَبِّ لَوْ شِئْتَ أَهْلَكْتَهُم مِّن قَبْلُ وَإِيَّايَ أَتُهْلِكُنَا بِمَا فَعَلَ السُّفَهَاء مِنَّا إِنْ هِيَ إِلاَّ فِتْنَتُكَ تُضِلُّ بِهَا مَن تَشَاء وَتَهْدِي مَن تَشَاء أَنتَ وَلِيُّنَا فَاغْفِرْ لَنَا وَارْحَمْنَا وَأَنتَ خَيْرُ الْغَافِرِينَ 

اور موسیٰ نے اپنی قوم کے ستر آدمی منتخب کئے، تاکہ انہیں ہمارے طے کئے ہوئے وقت پر (کوہِ طور) لائیں ۔ پھر جب انہیں زلزلے نے آ پکڑا تو موسیٰ نے کہا : ’’ میرے پروردگار ! اگر آپ چاہتے تو ان کو، اور خود مجھ کو بھی پہلے ہی ہلاک کر دیتے، کیا ہم میں سے کچھ بے وقوفوں کی حرکت کی وجہ سے آپ ہم سب کو ہلاک کر دیں گے ؟ (ظاہر ہے کہ نہیں ۔ لہٰذا پتہ چلا کہ) یہ واقعہ آپ کی طرف سے صرف ایک امتحان ہے جس کے ذریعے آپ جس کو چاہیں ، گمراہ کردیں ، اور جس کو چاہیں ہدایت دے دیں ۔ آپ ہی ہمارے رکھوالے ہیں ۔ اس لئے ہمیں معاف کر دیجئے، اور ہم پر رحم فرمایئے۔ بیشک آپ سارے معاف کرنے والوں سے بہتر معاف کرنے والے ہیں

آیت155:  وَاخْتَارَ مُوْسٰی قَوْمَہ سَبْعِیْنَ رَجُلاً لِّمِیْقَاتِنَا:  ’’اور انتخاب کیا موسیٰ نے اپنی قوم سے ستر افراد کا ہمارے وقت مقررہ کے لیے۔‘‘

            وہ لوگ جو آخری وقت تک اس مشرکانہ فعل پر قائم رہے انہیں قتل کر دیا گیا۔ اب اس تطہیر (purge) کے بعد اجتماعی توبہ کا مرحلہ تھا، جس کے لیے حضرت موسیٰ اللہ کے حکم کے مطابق اپنی قوم کے ستر(70) سرکردہ افراد کو ساتھ لے کر کوہِ طور پر حاضری کے لیے روانہ ہو گئے۔

            فَلَمَّآ اَخَذَتْہُمُ الرَّجْفَۃُ:  ’’پھر جب انہیں آ پکڑا زلزلے نے‘‘

            کوہِ طور پر یا اس کے مضافات میں ان لوگوں کے لیے جسمانی کپکپی یا زمینی زلزلے جیسی خوفناک کیفیت پیدا کر دی گئی۔

            قَالَ رَبِّ لَوْ شِئْتَ اَہْلَکْتَہُمْ مِّنْ قَبْلُ وَاِیَّایَ:  ’’(موسیٰ نے) نے عرض کیا کہ اے پروردگار! اگر تو چاہتا تو ہلاک کر دیتا پہلے ہی ان سب کو بھی اور مجھے بھی۔‘‘

            اَتُہْلِکُنَا بِمَا فَعَلَ السُّفَہَآءُ مِنَّا:  ’’تو کیا تو ہمیں ہلاک کر دے گا ہم میں سے کچھ بے وقوف لوگوں کی حرکت کی وجہ سے؟‘‘

            قوم کے کچھ جاہل لوگوں نے جو حرکت کی تھی انہیں اس کی سزا بھی مل گئی ہے۔ ہم نے اتنا بڑا کفارہ دے دیا ہے کہ انہیں اپنے ہاتھوں سے قتل بھی کر دیا ہے۔ تو کیا ان کی وجہ سے تو پوری قوم کو ہلاک کر دے گا؟

            اِنْ ہِیَ اِلاَّ فِتْـنَتُکَ تُضِلُّ بِہَا مَنْ تَشَآءُ وَتَہْدِیْ مَنْ تَشَآءُ:  ’’مگر یہ تیری طرف سے ایک آزمائش ہے‘ تو گمراہ کرتا ہے اس کے ذریعے سے جس کو چاہتا ہے اور ہدایت دیتا ہے جس کو چاہتا ہے۔‘‘

            اَنْتَ وَلِـیُّنَا فَاغْفِرْ لَنَا وَارْحَمْنَا وَاَنْتَ خَیْرُ الْغٰفِرِیْنَ:  ’’ تو ہمارا پشت پناہ ہے‘ پس ہمیں بخش دے اور ہم پر رحم فرما اور یقینا تمام بخشنے والوں میں تو سب سے بہتر بخشنے والا ہے۔‘‘ 

UP
X
<>