May 8, 2024

قرآن کریم > التوبة >surah 9 ayat 106

وَآخَرُونَ مُرْجَوْنَ لأَمْرِ اللَّهِ إِمَّا يُعَذِّبُهُمْ وَإِمَّا يَتُوبُ عَلَيْهِمْ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ 

اور کچھ اور لوگ ہیں جن کا فیصلہ اﷲ کا حکم آنے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ یا اﷲ اُن کو سزا دے گا، یا معاف کر دے گا، اور اﷲ کامل علم والا بھی ہے، کامل حکمت والا بھی

 آیت 106: وَاٰخَرُوْنَ مُرْجَوْنَ لِاَمْرِ اللّٰہِ اِمَّا یُعَذِّبُہُمْ وَاِمَّا یَتُوْبُ عَلَیْہِمْ وَاللّٰہُ عَلِیْمٌ حَکِیْمٌ: ‘‘اور کچھ دوسرے لوگ ہیں جن کے معاملے کو اللہ کے فیصلے تک مؤخر کر دیا گیا ہے‘ چاہے انہیں عذاب دے اور چاہے توان کی توبہ قبول فرما لے۔ اور اللہ سب کچھ جاننے والا‘ حکمت والا ہے۔‘‘

            یہ ضعفاء میں سے دوسری قسم کے لوگوں کا ذکر ہے‘ جن کا معاملہ مؤخر کر دیا گیا تھا۔ یہ تین اصحاب تھے: کعب بن مالک‘ ہلال بن اُمیہ اور مرارہ بن الربیع، ان میں سے ایک صحابی حضرت کعب بن مالک انصاری نے اپنا واقعہ بڑی تفصیل سے بیان کیا ہے جو کتب احادیث اور تفاسیر میں منقول ہے۔ مولانا مودودی نے بھی تفہیم القرآن میں بخاری شریف کے حوالے سے یہ طویل حدیث نقل کی ہے۔ یہ بہت سبق آموز اور عبرت انگیز واقعہ ہے۔ اسے پڑھنے کے بعد مدینہ کے اس معاشرے‘ حضور کے زیر تربیت افراد کے اندازِ فکر اور جماعتی زندگی کے نظم و ضبط کی جو تصویر ہمارے سامنے آتی ہے وہ حیران کن بھی ہے اور ایمان افروز بھی۔

            یہ تینوں حضرات سچے مسلمان تھے‘ مہم پر جانا بھی چاہتے تھے مگر سستی کی وجہ سے تاخیر ہو گئی اور اس طرح وہ جانے سے رہ گئے۔ حضرت کعب بن مالک خود فرماتے ہیں کہ میں اس زمانے میں بہت صحت مند اور خوشحال تھا‘ میری اونٹنی بھی بہت توانااور تیز رفتار تھی۔ جب سستی کی وجہ سے میں لشکر کے ساتھ روانہ نہ ہو سکا تو بھی میرا خیال تھا کہ میں آج کل میں روانہ ہو جاؤں گا اور راستے میں لشکر سے جا ملوں گا۔ میں اسی طرح سوچتا رہا اور روانہ نہ ہو سکا۔ حتیٰ کہ وقت نکل گیا اور پھر ایک دن اچانک مجھے یہ احساس ہوا کہ اب خواہ میں کتنی ہی کوشش کر لوں‘ لشکر کے ساتھ نہیں مل سکتا۔

            جب رسول اللہ تبوک سے واپس تشریف لائے تو آپ نے پیچھے رہ جانے والوں کو بلا کر باز پرس شروع کی۔ منافقین آپ کے سامنے قسمیں کھا کھا کر بہانے بناتے رہے اور آپ ان کی باتوں کو مانتے رہے۔ جب کعببن مالک کی باری آئی تو حضور نے اُن کو دیکھ کر تبسم فرمایا۔ ظاہر بات ہے کہ حضور جانتے تھے کہ کعب سچے مؤمن ہیں ۔ آپ نے اُن سے دریافت فرمایا کہ تمہیں کس چیز نے روکا تھا؟ انہوں نے صاف کہہ دیا کہ لوگ جھوٹی قسمیں کھا کھا کر چھوٹ گئے ہیں‘ اللہ نے مجھے بھی زبان دی ہے‘ میں بھی بہت سی باتیں بنا سکتا ہوں‘ مگر حقیقت یہ ہے کہ مجھے کوئی عذر مانع نہیں تھا۔ میں ان دنوں جتنا صحت مند تھا اتنا پہلے کبھی نہ تھا‘ جتنا غنی اور خوشحال تھا پہلے کبھی نہ تھا۔ مجھے کوئی عذر مانع نہیں تھا سوائے اس کے کہ شیطان نے مجھے ورغلایا اور تاخیر ہو گئی۔ ان کے باقی دو ساتھیوں نے بھی اسی طرح سچ بولا اور کوئی بہانہ نہ بنایا۔

            ان تینوں حضرات کے بارے میں نبی اکرم نے حکم دیا کہ کوئی شخص ان تینوں سے بات نہ کرے اور یوں ان کا مکمل طور پر معاشرتی مقاطعہ (social boycott) ہو گیا‘ جو پورے پچاس دن جاری رہا۔ حضرت کعب فرماتے ہیں اس دوران ایک دن انہوں نے اپنے چچا زاد بھائی اور بچپن کے دوست سے بات کرنا چاہی تو اس نے بھی جواب نہ دیا۔ جب انہوں نے اس سے کہا کہ اللہ کے بندے تمہیں تو معلوم ہے کہ میں منافق نہیں ہوں تو اس نے جواب میں صرف اتنا کہا کہ اللہ اور اس کا رسول ہی بہتر جانتے ہیں۔ چالیس دن بعد حضور کے حکم پر انہوں نے اپنی بیوی کو بھی علیحدہ کر دیا۔ اسی دوران والی ٔغسان کی طرف سے انہیں ایک خط بھی ملا‘ جس میں لکھا تھا کہ ہم نے سنا ہے کہ آپ کے ساتھی آپ پر ظلم ڈھا رہے ہیں‘ آپ باعزت آدمی ہیں‘ آپ ایسے نہیں ہیں کہ آپ کو ذلیل کیا جائے‘ لہٰذا آپ ہمارے پاس آ جائیں‘ ہم آپ کی قدر کریں گے اور اپنے ہاں اعلیٰ مراتب سے نوازیں گے۔ یہ بھی ایک بہت بڑی آزمائش تھی‘ مگر انہوں نے وہ خط تنور میں جھونک کر شیطان کا یہ وار بھی ناکام بنا دیا۔ ان کی اس سزا کے پچاسویں دن ان کی معافی اور توبہ کی قبولیت کے بارے میں حکم نازل ہوا (آیت: 118) اور اس طرح اللہ نے انہیں اس آزمائش اور ابتلا میں سرخروفرمایا۔ بائیکاٹ کے اختتام پر ہر فرد کی طرف سے ان حضرات کے لیے خلوص و محبت کے جذبات کا جس طرح سے اظہار ہوا اور پھر ان تینوں اصحاب نے اپنی آزمائش اور ابتلا کے دوران اخلاص و استقامت کی داستان جس خوبصورتی سے رقم کی‘ یہ ایک دینی جماعتی زندگی کی مثالی تصویر ہے۔ 

UP
X
<>